ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز میں خصوصی راشن کارڈ تقسیم
ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز میں خصوصی راشن کارڈ تقسیم ورکرز محنت سے فرائض انجام دیں، حکومت سہولیات دیگی،پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک
شاہ پور صدر (نامہ نگار)پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز پوری دلجمعی اور محنت سے اپنے فرائض انجام دیں، حکومتِ پنجاب انہیں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشاں ہے اور آئندہ بھی اس حوالے سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور عابد ممتاز خان کے ہمراہ ایم سی ہال شاہ پور صدر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز میں خصوصی راشن کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیلڈ میں کام کرنے والے محنتی ورکرز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے راشن کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر مانیٹرنگ آفیسر ستھرا پنجاب محمد تیمور، پراجیکٹ منیجر رانا مرتضیٰ مقبول، میاں انصر بھٹہ، ظہیر عباس، چیف آفیسر مبشر کلیم گل، سٹی صدر مسلم لیگ (ن) راجہ فرخ قیوم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔