35سال بعد بھی ماڈل ٹاؤن سہولیات سے محروم، احتجاجی مظاہرہ
35سال بعد بھی ماڈل ٹاؤن سہولیات سے محروم، احتجاجی مظاہرہصاف پانی نہ ہی سیوریج اور پکی گلیاں،لاہور روڈ پر شہریوں کے حکام کیخلاف نعرے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)35سال بعد بھی سرکاری ہاؤسنگ سکیم ماڈل ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے ساتھ ساتھ پلاٹوں کی الاٹمنٹس کے حصول کیلئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد خوار ہو کر رہ گئی ہے ، متاثرین نے گزشتہ رو ز لاہور روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے حکام کے خلاف نعرے بازی کی ، انہوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے ، شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ ہاؤسنگ کالونی 35برس قبل حکومت کی جانب سے قائم کی گئی تھی جس میں ابھی تک بنیادی سہولیات جیسے پینے کا صاف پانی ، سیوریج سسٹم اور گلیو ں و سڑکوں کی تعمیر جیسے معاملات ادھورے پڑے ہیں اس کے ساتھ ساتھ متعدد ایسے سائلین ہیں جن کے پلاٹوں کی الاٹمنٹس دو یا دو سے زائد مرتبہ کی گئی جبکہ وہ لاکھوں روپے سرکاری خزانے میں ادا بھی کر چکے ہیں مگر اس کے باوجود ان کی الاٹمنٹ کے معاملات حل نہیں کئے جا رہے اور جن لوگوں نے اپنے پلاٹ تعمیر کر کے رہائش گاہیں رکھ لی ہیں انہیں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے سخت دشواری کا سامنا ہے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔