پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کا حکم
غفلت برتنے والوں کو محکمانہ /تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا،کمشنر سرگودھا کا ریونیو جوڈیشل کارکردگی پر عدم اطمینان ،تفصیلی بریفنگ دی گئی اے ڈی سی آرز تمام ماتحت ریونیو افسران کی واضح ٹاسکنگ کی جائے اور نئے درج کیسز کو دو ماہ کے اندر نمٹانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا نے ریونیو جوڈیشل کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیم) آرڈیننس 2026 پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے اور واضح کیا ہے کہ ا س حوالے سے غفلت برتنے والوں کو محکمانہ /تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا،تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیم) آرڈیننس 2026 پر عملدرآمد کے حوالے سے فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو سیف اﷲ ساجد، ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، سینئر لاء آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریونیو افسران کی جانب سے نئے قانون کے بعد زیر سماعت کیسز کے ڈسپوزل اور جوڈیشل ورک کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر سرگودھا نے ریونیو جوڈیشل کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے قانون کا اصل مقصد عوام کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کرنا ہے ، اس کے عملی فوائد ہر صورت عام شہری تک پہنچنے چاہئیں۔کمشنر نے چاروں اے ڈی سی آرز کو ہدایت کی کہ تمام ماتحت ریونیو افسران کی واضح ٹاسکنگ کی جائے اور نئے درج ہونے والے تمام کیسز کو دو ماہ کے اندر نمٹانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ریونیو جوڈیشل ورک کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے لیے ایک مؤثر نظام نافذ کیا جائے تاکہ کیسز کے بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کمشنر نے ایڈیشنل کمشنر ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ تمام تحصیلداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیم) آرڈیننس 2026 کے تحت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے واضح رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام تحصیلداروں کی عدالتوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے ۔ کمشنر نے کہا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ریونیو افسران کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔