چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سالانہ رکنیت کی تجدید کی تاریخ میں توسیع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) وفاقی حکومت نے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سالانہ رکنیت کی تجدید کی تاریخ میں توسیع کر دی۔
صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسر قیوم نے بتایا کہ ڈی جی ٹی او آفس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، وفاقی ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشز بلال خان پاشا نے 31 مارچ 2026 کی مقررہ تاریخ میں تین ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 20 اپریل 2026 مقرر کر دی ہے ۔خواجہ یاسر قیوم نے بتایاکہ سرگودھا سمیت ملک بھر کے چیمبرز نے وفاقی ڈائریکٹر جنرل سے استدعا کی تھی کہ رمضان المبارک میں چیمبرز میں کام کے اوقات میں کمی، ارکان کا عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہونا، اور عید الفطر کی چھٹیوں کے باعث بہت سے ارکان اپنی سالانہ رکنیت کی تجدید نہیں کروا سکے ۔اس سال الیکشن ہونے کے باعث رکنیت کی تجدید انتہائی ضروری ہے ، لہٰذا تاریخ میں توسیع کی جائے ۔جس پر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشز نے انہی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے تین ہفتوں کی رعایت دیتے ہوئے اب سالانہ ممبرشپ کی تجدید کی مدت 20 اپریل 2026 تک بڑھا دی ہے ۔ تاجر برادری نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔