فکسڈ چارجز کو غنڈہ ٹیکس کا نام دیا جائے ،جاوید اقبال ساجد
میانوالی (نامہ نگار)بجلی بلوں پر فکسڈ چارجز عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے پہلے کرایہ میٹر اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوٹا جاتا رہا اور فکسڈ چارجز کے نام پر لوٹا جا رہا ہے اسے غنڈہ ٹیکس کا نام دیا جائے یا بھتہ خوری کہا جائے ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ساجد نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ محسوس ہوتا ہے کہ آئی پی پیز کو نوازنے کے لیے فکسڈ چارجز کے نام پر عوام کے گلے پر کند چھری پھیری جا رہی ہے حکومت وضاحت کرے کہ فکسڈ چارجز کس بات کے ہیں اگر یہ پیسہ آئی پی پیز کو جا رہا ہے تو بجلی پیدا نہ کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ختم کیوں نہیں کیے جاتے انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر طرح سے لوٹا جا رہا ہے ایک مزدور اتنی بجلی خرچ نہیں کرتا جتنی اس سے قیمت وصول کی جاتی ہے .نہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فکسڈ چارجز کے نام پر جگا ٹیکس فی الفور ختم کیا جائے ۔