نان کسٹمز گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات
غیر قانونی گیس ری فلنگ،ذخیرہ اندوزی،گداگری کی روک تھام کے اقدامات کاجائزہ
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو اور پاک فوج کے کرنل ندیم حسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا اجلاس میں پاک فوج کے کرنل ندیم حسن نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی و وفاقی اداروں کے سربراہان اور قانون نافذ کرنے اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں صوبائی اور وفاقی محکموں کی کارکردگی کا مجموعی طور پر جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال اور عوامی فلاحی منصوبوں کے حوالہ سے محکمہ جات کے سربراہان کو تفصیلی گائیڈ لائنز جاری کی گئیں۔اجلاس میں بین الصوبائی چیک پوسٹ،دریائی پتنوں اور تمام دریائی راستوں پر فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرنے اور انسداد سمگلنگ کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں کسٹم افسران کو نان کسٹمز گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے علاؤہ ازیں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد،غیر قانونی آئل ایجنسیوں،غیر قانونی گیس ری فلنگ،ذخیرہ اندوزی،گداگری کی روک تھام اور ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالہ سے کئے جانیوالے اقدامات کاجائزہ لیا گیااوراصلاح طلب پہلوؤں کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں۔