مستحق افراد کی امداد میں گھپلے جاری،ویجی لینس ٹیموں کی رپورٹ میں انکشاف

مستحق  افراد کی امداد میں گھپلے جاری،ویجی لینس ٹیموں کی رپورٹ میں انکشاف

بیشتر ریٹیلرز گلی محلوں میں بیٹھ کر رومنگ ڈیوائسز کے ذریعے خواتین کو امدادی رقوم دے رہے اور 1500روپے سے 2000روپے غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) مقامی سطح پر مناسب حکمت عملی اختیار نہ کئے جانے کے باعث بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ضلع بھر میں قائم مختلف ریٹیلرز کی جانب سے مستحقین کو امداد کی تقسیم کا عمل بد نظمی کا شکار اور امداد میں سے غیر قانونی کٹوتیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اس حوالے سے ویجی لینس ٹیموں نے ڈویژنل انتظامیہ کو ارسال کردہ اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت عملدرآمد کی ناقص صورتحا ل کی وجہ سے کرپشن اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث غریب اور مستحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے جھاوریاں،سمیت سلانوالی، بھاگٹانوالہ، کوٹمومن، بھلوال، بھیرہ و دیگر مختلف علاقوں میں قائم ریٹیلرز حضرات کی دوکانوں کے باہر لمبی قطاروں میں لوگوں بالخصوص خواتین کو گھنٹوں انتظار کی کوفت اٹھانا پڑتی ہے موثر حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے تھوڑی تھوڑی دیر بعد لنک ڈاؤن یا سروس نہ ہونے کے مسائل کو جواز بنا کر لوگوں کو خوار کیا جاتا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ ان پوائنٹس پر بیٹھنے کی سایہ دار جگہ، پینے کے صاف پانی و دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے صورتحال کو گھمبیر بنا کر رکھ دیا ہے ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ بیشتر ریٹیلرز اپنی فکس پوائنٹس کی بجائے گلی محلوں میں بیٹھ کر رومنگ ڈیوائسز کے ذریعے خواتین کو امدادی رقوم دے رہے ہیں اور اس میں سے 1500وپے سے 2000روپے غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی ہے۔ رومنگ ڈیوائسز کی وجہ سے ان کی موقع پر پکڑ میں مشکلات ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر نے ویجی لینس رپورٹس ڈپٹی کمشنر کو بھجواتے ہوئے انہیں فوری کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں