مسلمانوں کی بقا کا واحد راستہ اتحاد اور یکجہتی میں ، ریاست فیروزی
موجودہ دور میں اسلام دشمن قوتیں صرف مسلمان کی حیثیت سے نشانہ بنا رہے ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) تنظیم اصلاح المسلمین اور جماعت فیروزیہ اہل سنت پاکستان ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام مرکزی صدر تنظیم اصلاح المسلمین پاکستان صاحبزادہ پیر سید محمد عثمان فیروزی قادری نقشبندی ترمذی کی زیر صدرات ڈویڑنل \"اتحادِ بین المسلمین\" کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سرگودھا ، خوشاب، میانوالی اور بھکر سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور سیاسی وسماجی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی ، صوبائی امیر جماعت فیروزیہ اہلسنت پنجاب ریاست علی فیروزی کی زیر نگرانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر صاحبزادہ پیر سید محمد عثمان فیروزی قادری نقشبندی ترمذی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی بقا کا واحد راستہ مکمل اتحاد اور یکجہتی میں پنہاں ہے ۔صاحبزادہ عثمان فیروزی نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام دشمن قوتیں اور یہود و نصاریٰ مسلمانوں کو فرقوں کی بنیاد پر نہیں۔ بلکہ صرف \"مسلمان\" کی حیثیت سے نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دشمن یہ نہیں دیکھتا کہ کوئی شیعہ ہے یا سنی، بلکہ ان کا ہدف صرف اسلام اور اہل ایمان ہیں۔ ایسی صورتحال میں مسلمانوں کو اپنے فروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔