کندیاں تا پپلاں لنک روڈ شکست و ریخت کا شکار، حادثات میں اضافہ
کندیاں (نمائندہ دنیا)محکمہ ہائی وے اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ نااہلی کے باعث جھال والا پل کندیاں تا پپلاں لنک روڈ شدید شکست و ریخت کا شکار ہو گیا ہے ۔
سڑک کے کنارے مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں جبکہ درمیان میں گہرے گڑھے پڑنے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اور حادثات میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق سڑک کے ساتھ نہر تھل کینال کی موجودگی کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہونے کا خدشہ ہے ۔ جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور محکمہ ہائی وے کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کندیاں تا پپلاں لنک روڈ کی فوری ازسرنو تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔