واجبات کی وصولی کو مزید تیز کیا جائے ‘ افسروں کو ہدایت
حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد اور کارکردگی میں بہتری یقینی بنائی جائیگی
بھیرہ(نامہ نگار)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد ہارون نے گزشتہ روز تحصیل بھیرہ کا دورہ کیا اور تحصیل کمپلیکس میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نمرہ اویس کے ہمراہ سرکاری واجبات کی وصولی کی پیش رفت، پلس (PULSE)پراجیکٹ پر عملدرآمد کی صورتحال، اے آر سی بھیرہ سے متعلق مسائل اور زیر التواء مقدمات، جبکہ حکومتِ پنجاب کے آر سی ایم ایس (RCMS)کورٹ مینجمنٹ سسٹم کی کارکردگی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد ہارون نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور تمام زیر التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے ۔ انہوں نے پلس پراجیکٹ اور آر سی ایم ایس سسٹم پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی تاکہ سائلین کو بروقت اور بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ غفلت یا کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔