یونیورسٹی آف سرگودھا کی تقریب رنگوں کے تہوار میں بدل گئی

یونیورسٹی آف سرگودھا کی تقریب رنگوں کے تہوار میں بدل گئی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) آل پاکستان یونیورسٹیز فٹ بال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا رنگوں کے تہوار میں بدل گئی۔

 ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے طلبہ کے جوش وخروش، روائتی نیزہ بازی، گھوڑا ناچ اور فیکلٹیز کے درمیان رسہ کشی کے دوستانہ میچ نے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا کی میزبانی میں منعقدہ آل پاکستان یونیورسٹیز فٹ بال چیمپئن شپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔افتتاحی تقریب میں سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس مہمانِ اعزاز تھے ۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل، سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے انچارج اور یونیورسٹی فٹ بال ٹیم کے منیجر ڈاکٹر یاسر اقبال وڑائچ سمیت اساتذہ، افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر پیش کی گئی پرفارمنسز نے تقریب کو ثقافتی تفریحی میلے میں بدل دیا۔ گھوڑا ڈانس کے دلکش مظاہروں نے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا جبکہ نیزہ بازی کے مظاہرے پر تالیوں کی گونج دیر تک سنائی دیتی رہی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں