بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر نقصان دہ : رضوان مختار

 بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر نقصان دہ : رضوان مختار

بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر نقصان دہ : رضوان مختار عوامی نمائندوں کے بجائے بیوروکریسی کے تسلط سے جمہوریت کی روح مجروح ہو رہی

خوشاب (نمائندہ دنیا)سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری رضوان مختار رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومتوں کی دو بار تبدیلی کے باوجود بلدیاتی اداروں کی بحالی کا خواب شرمندئہ تعبیر نہ ہو سکا۔ جمہوریت کی بنیادی اکائی سمجھے جانے والے ان اداروں پر عوامی نمائندوں کے بجائے بیوروکریسی کے تسلط سے جمہوریت کی روح مجروح ہو رہی ہے ۔اپنی رہائش گاہ چک 47 ایم بی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کا تقاضا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی باگ ڈور سرکاری افسران کے بجائے منتخب عوامی نمائندوں کے ہاتھ میں دی جائے تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں اور گلی محلوں کی سطح پر ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے نمائندے ہی علاقائی سیاست میں نمایاں کردار ادا کرنے کے بعد قومی سیاست کا حصہ بنتے ہیں، اس لیے ان اداروں کو طویل عرصے تک غیر فعال رکھنا جمہوریت دشمنی کے مترادف ہے ۔ رضوان مختار رندھاوا نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے کے لیے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرے تاکہ نچلی سطح پر عوامی نمائندگی کا نظام بحال ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں