پریگابالین کی غیر قانونی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
پریگابالین کی غیر قانونی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکمڈپٹی کمشنر میانوالی نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کو مراسلہ لکھا
میانوالی (نامہ نگار )وزارت صحت پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ لاہور کی ہدایات پر ضلع میانوالی میں پریگابالین (گیبیکا) کیپسولز کی میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور کلینکس پر غیر قانونی فروخت کی اطلاعات کے بعد ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے نام مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پریگابالین کی غیر قانونی فروخت کو فوری طور پر روکا جائے ۔مراسلے میں تحصیل پپلاں سمیت ضلع میانوالی کے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نگرانی سخت کریں، میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور کلینکس کی مکمل انسپکشن کریں اور اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اداروں کو آخری وارننگ دی جائے ۔مزید کہا گیا ہے کہ بغیر ڈاکٹر کے نسخے اور فارماسسٹ کی نگرانی کے بغیر ان ادویات کی فروخت ہر صورت بند کرائی جائے ۔ جبکہ چھاپوں کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس معطل یا منسوخ کر کے رپورٹس ڈپٹی کمشنر آفس بھجوائی جائیں۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر نگرانی محکمہ صحت کی ٹیمیں پہلے ہی کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ اس مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔یہ مراسلہ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سمیت تمام متعلقہ انتظامی اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے ۔