جوہرآباد: بلیک میلنگ میں ملوث 6 رکنی گروہ گرفتار

  جوہرآباد: بلیک میلنگ میں ملوث 6 رکنی گروہ گرفتار

جوہرآباد: بلیک میلنگ میں ملوث 6 رکنی گروہ گرفتارجعلی ویڈیوز بنانے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتے اور رقم ہتھیا لیتے تھے

خوشاب (نمائندہ دنیا) سٹی پولیس جوہرآباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح شہریوں کو بلیک میل کرکے بھاری رقوم بٹورنے والے 6 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں، جن کے قبضے سے بلیک میلنگ کے ذریعے حاصل کی گئی 3 لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ملزمان کافی عرصہ سے شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کے بہانے بلاتے اور بعد ازاں انہیں خواتین کے ساتھ جعلی ویڈیوز بنانے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتے اور رقم ہتھیا لیتے تھے ۔پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں تھانہ سٹی جوہرآباد میں ملزمان کے خلاف جعلسازی، دھوکہ دہی اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔سماجی اور عوامی حلقوں نے بلیک میلنگ میں ملوث گروہ کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او سٹی جوہرآباد اور پولیس ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں