تحفظ مرکز سرگودھا کے زیر اہتمام ایک روزہ آگاہی سیمینار
تحفظ مرکز سرگودھا کے زیر اہتمام ایک روزہ آگاہی سیمینار میثاق سنٹر، سول سوسائٹی کے نمائندگان، سندس فاؤنڈیشن کے وفد اور شہریوں کی شرکت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلعی پولیس تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس تحفظ مرکز، میثاق سنٹر، سول سوسائٹی کے نمائندگان، سندس فاؤنڈیشن کے وفد اور شہریوں نے شرکت کی۔ سیمینار میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی اور دیگر محروم طبقات کو درپیش مسائل، ان کے قانونی حقوق اور ان کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محروم طبقات کو درپیش قانونی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔اس موقع پر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی نمائندہ ماہی علی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ وکٹم سپورٹ آفیسر تحفظ مرکز مونا لیزا نے خواجہ سرا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے پولیس کی خدمات اور اقدامات پر روشنی ڈالی۔انچارج تحفظ مرکز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ مرکز تمام محروم طبقات کو مکمل تحفظ، رہنمائی اور قانونی معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ انہیں معاشرے میں باعزت اور محفوظ مقام حاصل ہو سکے ۔