واپڈا کی بے ہنگم تاروں کی درستی کا منصوبہ پھر التوا کا شکار
واپڈا کی بے ہنگم تاروں کی درستی کا منصوبہ پھر التوا کا شکارحکومتوں کے واضح اعلانات کے باوجود یہ منصوبہ رواں سال بھی شروع نہ ہو سکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) متعلقہ شعبوں کے درمیان کوارڈی نیشن کا فقدان ،ایکد وسرے پر ذمہ داری عائد کرنے کی روش اور فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث گنجان آبادیوں میں واپڈا کی بے ہنگم تاروں کی درستی کا منصوبہ ایک بار پھر التوا کا شکارہو کر رہ گیاہے ،وفاقی و صوبائی حکومتوں کے واضح اعلانات کے باوجود یہ منصوبہ رواں سال بھی شروع نہ ہو سکا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتوں اور دیواروں کے ساتھ بجلی کے پول نصب کرکے ہیوی وولٹیج تاریں گزارنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، جس سے حادثات کے بڑھتے ہوئے خدشات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ،ذرائع کے مطابق برسات کے متوقع سیزن سے قبل فیسکو اور صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر خطرناک اور بے ہنگم بجلی کی تاروں کی تبدیلی اور درستی کے لیے اقدامات کا اعلان کیا تھا، تاہم عملی طور پر اس سلسلے میں خاطر خواہ پیش رفت دیکھنے میں نہیں آ رہی،نیو ملت پارک، اسلام پورہ، مقام حیات، مجاہد کالونی، گل والا، صدیق آباد، کوٹ فرید، رحمان پورہ، استقلال آباد کالونی، ملت آباد، اقبال کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن، نیو سیٹلائٹ ٹاؤن، ٹوانہ پارک، جوہر کالونی سمیت درجنوں گنجان آباد علاقوں کی گلیوں اور چوراہوں پر نصب بے ہنگم تاریں شہریوں کے لیے مستقل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ ان تاروں کی بروقت مرمت اور درستگی نہ ہونے کے باعث مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے دوران یہ خستہ حال اور نچلی سطح پر لٹکتی تاریں کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، جبکہ ماضی میں بھی متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں۔