حج کے موقع پر پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا
حجاج کرام کی مثالی خدمت کے اعتراف میں پاکستان کو ’’لبیتم ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا
میانوالی (نامہ نگار)حج 2026 کے موقع پر میانوالی پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ حج (مسار) کے شعبے میں شاندار کارکردگی بہترین انتظامات اور حجاج کرام کی مثالی خدمت کے اعتراف میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر’’لبیتم ایوارڈ‘‘سے نوازا گیا جو دنیا بھر میں حجاج کی خدمت کے اعلیٰ معیار کا ایک معتبر اعزاز سمجھا جاتا ہے ۔اس کامیابی میں المعراج منظم (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے تحت ملک بھر سے شامل 31حج کمپنیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان اداروں کی مسلسل محنت، خلوص، جدید انتظامی حکمتِ عملی اور حجاج کرام کی بہترین خدمت کے جذبے نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔اس شاندار کامیابی میں خانقاہ سراجیہ حج عمرہ سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ بھی شامل ہے جو الحمد للہ 2007ء سے حجاج کرام اور معتمرین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے ۔ ادارے کے چیف ایگزیکٹو صاحبزادہ محمد صادق اور ڈائریکٹر صاحبزادہ خواجہ نجیب احمد کی قیادت میں ادارے نے پیشہ ورانہ، منظم اور مثالی انتظامی خدمات فراہم کیں، جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا۔اہلِ علاقہ کے مطابق یہ اعزاز صرف ایک ادارے کی کامیابی نہیں بلکہ خانقاہ سراجیہ نقشبندیہ مجددیہ کندیاں شریف، مریدین، متوسلین، محبین اور بالخصوص ضلع میانوالی کے لیے باعثِ فخر ہے ۔اس موقع پر ادارے کے ذمہ داران نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام اور زائرینِ حرمین شریفین کی خدمت ان کے لیے باعثِ سعادت ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی بہترین سہولیات، اعلیٰ معیار کی خدمات اور اخلاص کے ساتھ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔