ایف ایم 101پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘کا ایڈیشن منعقد

ایف ایم 101پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘کا ایڈیشن منعقد

ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے اور شجرکاری مہمات میں بھرپور حصہ لیں،ڈاکٹر ہارون

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کے مقبول پروگرام \\\"شاہین سرگودھا\\\" کا خصوصی ایڈیشن منعقد کیا گیا، جس میں ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور سرسبز و صاف ماحول کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پروگرام میں ڈاکٹر سید ہارون علی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اراضی علوم یونیورسٹی آف سرگودھا اور محمد رانا ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں نے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درختوں کی شجرکاری، فضائی و آبی آلودگی میں کمی اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے ذریعے ہی آئندہ نسلوں کے لیے بہتر ماحول یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔

ڈاکٹر سید ہارون علی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے اور شجرکاری مہمات میں بھرپور حصہ لیں۔محمد رانا نے محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد، آلودگی کے تدارک اور عوامی آگاہی کے ذریعے ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی، شجرکاری اور ماحول کے تحفظ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔پروگرام کے دوران سامعین کو عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت، ماحولیاتی چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی اداروں، تعلیمی اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے ایک صاف، سرسبز اور پائیدار ماحول کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے ۔پروگرام کے میزبان سبطین بلوچ جبکہ محمد جمشید قادری نے بطور پروڈیوسر اور پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریحہ کنول تھیں۔انجینئرنگ معاونت رانا قیصر وقاص نے فراہم کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں