انٹر سٹی زائد کرایوں کی وصولی کا سلسلہ رک نہ سکا
حکمت عملی اختیار نہ کرنے کے باعث ٹرانسپورٹرخلاف ورزی کر رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا میں انٹر سٹی زائد کرایوں کی وصولی ضلعی حکومت کے واضح احکامات کے باوجود جاری ہے اور صورتحال مسافروں کیلئے وبال جان بن کر رہ گئی ہے ،حساس ادارے کی سورس رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ سیال موڑ،ہلا ل پور، کوٹمومن، بھلوال ،شاہ پور ،ساہی وال اور سلانوالی کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے ساتھ ساتھ من مانے کرایے وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، کسی بھی مسافر گاڑی میں کرایے نامے چسپاں نہیں ، اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اختیار نہ کرنے کے باعث ٹرانسپورٹر دھڑلے سے خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو اس سلسلہ میں سخت مشکلات کا سامنا ہے بالخصوص روزانہ محنت مزدوری یا خریداری کیلئے آنے جانیوالے افرادکی آئے روز تکرار معمول ہے ، اور گاڑیوں کے عملے کارویہ الگ سے پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے جس کا نوٹس لینا از حد ضروری ہے ۔