پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی کیلئے اقدامات تیز کر دئیے گئے
کپڑے کے تھیلوں سمیت متبادل ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت جاری
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات نے ضلع کی تمام تحصیلوں کے افسران کو فضائی آلودگی سے بچاؤ اور عوام کو پلاسٹک بیگز سے نجات دلانے کے لیے کپڑے کے تھیلوں سمیت متبادل ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری و پرائیویٹ سطح پر شاپنگ بیگز کے استعمال اور اس کے مضر اثرات کے حوالے سے سیمینارز کا انعقاد کیا جائے اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ذرائع کے مطابق سرگودھا میں پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تحصیل افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ شاپنگ بیگز کے استعمال کو کم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں تاکہ عوام کو ماحولیاتی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔