ڈٖپٹی کمشنر صفائی کی ابتر صورتحال پر برہم،افسروں کی سرزنش
تجاوزات کے خاتمے ، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، بجلی کی تاروں اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ ،عزاداران کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی محرم کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک رکھا جائے ، ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نے شہر میں صفائی اور تجاوزات کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کی سرزنش کرنے کے ساتھ ساتھ تمام مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے اور عملدرآمد یقینی نہ بنانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا عندیہ دیا ہے ، اس حوالے سے گزشتہ رو زڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور عزاداری جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فیکٹری ایریا، مقام حیات، کچہری بازار، بلاک نمبر 19 اور خوشاب روڈ سمیت دیگر حساس مقامات اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے ، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، بجلی کی تاروں اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بعض مقامات پر صفائی اور تجاوزات کے حوالے سے موجود خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ تمام مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزاداران کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور محرم الحرام کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک رکھا جائے اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے واسا اور پی ڈی پی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں میں جاری کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔