کمشنر سرگودھا کا ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا تفصیلی دورہ
کمشنر سرگودھا کا ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا تفصیلی دورہعشرہ محرم کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مجالس اور عزاداری کے انتظامات کا جائزہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات سعید اللہ گوندل اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل وحید خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران کمشنر نے جیل میں عشرہ محرم الحرام کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مجالس اور عزاداری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسیرانِ جیل میں موجود عزادار قیدیوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔کمشنر نے مجالس کے ذاکرین اور منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور واقعہ کربلا صبر، استقامت، برداشت، قانون کی پاسداری اور حق و سچ پر قائم رہنے کا عظیم درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذاکرین قیدیوں میں امام عالی مقامؓ کے صبر و تحمل، اصلاحِ نفس اور جرائم سے نفرت کا پیغام عام کریں تاکہ ان میں مثبت سوچ اور کردار سازی پیدا ہو سکے ۔بعد ازاں کمشنر نے خواتین اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا معائنہ کیا اور قیدی خواتین کو دی جانے والی فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں پر بریفنگ لی۔ انہوں نے جیل کی ماہرِ نفسیات سے ملاقات کر کے مرد و خواتین قیدیوں کی ذہنی صحت اور کونسلنگ کے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور کہا کہ قیدیوں کی اصلاح میں نفسیاتی رہنمائی کلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔کمشنر نے حال ہی میں تزئین و آرائش شدہ بیرکوں، ویڈیو کال اور فیملی ملاقات سنٹر کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل کے راشن اسٹور میں خوراک کے معیار اور دستیابی کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جیلیں صرف سزا کے ادارے نہیں بلکہ اصلاحی مراکز ہیں جہاں قیدیوں کی تربیت اور بحالی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے ۔ کمشنر نے محرم الحرام کے دوران جیل میں سکیورٹی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔