معاون خصوصی کا سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ،سکیورٹی کا جائزہ
معاون خصوصی کا سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ،سکیورٹی کا جائزہکنٹرول روم میں عملے سے ملاقات ،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاون خصوصی برائے انسپکشن ٹیم شعیب مرزا نے کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہیں محرم الحرام کے موقع پر ڈویژن بھر میں کی جانے والی مانیٹرنگ، اضافی نصب کیے گئے کیمروں، نگرانی کے نظام اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔معاون خصوصی نے کنٹرول روم میں تعینات عملے سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر شعیب مرزا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداروں کی سہولت اور فول پروف سکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے ، بین المحکمہ رابطہ مضبوط رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔