گردونواح میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا
گردونواح میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ دکاندار اور تاجر بھی مشکلات کا شکار رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے اعلانات اور دعوؤں کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں اور گردونواح میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث شہریوں، تاجروں اور مجالس کے منتظمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ذرائع کے مطابق فیسکو حکام کی جانب سے محرم الحرام کے دوران عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں کے پیش نظر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے دعوے کیے گئے تھے ۔ اس مقصد کے لیے خصوصی کنٹرول رومز قائم کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا بھی اعلان کیا گیا تھا، تاہم عملی طور پر متعدد علاقوں میں روزانہ وقفے وقفے سے اور کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بنی رہی،شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی بار بار بندش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ دکاندار اور تاجر بھی مشکلات کا شکار رہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ،دوسری جانب محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور مذہبی اجتماعات کے منتظمین کو بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث متبادل انتظامات کرنا پڑے ۔ کئی مقامات پر جنریٹرز اور دیگر ذرائع سے بجلی فراہم کر کے عزاداروں کے لیے روشنی اور پنکھوں کا انتظام کیا گیاشہریوں نے فیسکو کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر محرم الحرام جیسے حساس اور اہم موقع پر بھی بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکتی تو کنٹرول رومز اور خصوصی انتظامات کے دعوؤں کی حیثیت کیا رہ جاتی ہے ،متاثرہ شہریوں اور تاجروں نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے اور محرم الحرام کے باقی ایام میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔