چھوٹے دوکانداروں پر فکس ٹیکس،حکومتی فیصلہ مسترد
چھوٹے دوکانداروں پر فکس ٹیکس،حکومتی فیصلہ مسترد 35ہزار روپے فکس ٹیکس کا نفاذ کاروبار کو تباہ کرنے کے مترادف ، تاجر تنظیمیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر کی تاجر برادری اور تنظیموں کے عہدیداران کی جانب سے چھوٹے دوکانداروں پر فکس ٹیکس عائد کئے جانے کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ چھوٹے دکانداروں پر 35 ہزار روپے فکس ٹیکس کا نفاذ کاروبار کو تباہ کرنے کے مترادف ہے دکاندار ایک دن میں 1500روپیہ کماتا نہیں وہ 1500 روپیہ روزانہ کی بنیاد پر کس طرح ٹیکس ادا کرے گا پالیسی ساز ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر ایسی پالیسیاں بناتے ہیں ،جو ناقابل عمل ہوتی ہیں ایک دکاندار جس کے پاس 40 سے 50 ہزار روپے کا سامان دکان میں موجود ہے وہ روزانہ کی بنیاد پر 1500 سے 2000 روپے منافع کماتا ہے اس میں سے اوسطاً 1500 روپے وہ ٹیکس ادا کر دے تو اس کے پاس کیا بچے گا دوسرے لفظوں میں گنجی نہائے گی کیا اور نچوڑے کی کیا کی مثال پیدا کر دی ہے ایک چھوٹا دکاندار جس نے کرائے پر دکان لے رکھی ہے بجلی کا بل ملازم کی تنخواہ اپنے گھر کے اخراجات وہ اسی دکان سے چلائے گا اور 35 ہزار روپے وہ حکومت کو بھی دے گا پھر پاکستان میں بڑے کاروبار تو پہلے ہی تباہ ہو چکے ہیں چھوٹے کاروبار بھی نہیں بچیں گے حکومت غریبوں پر رحم کرے اور آئے روز نئے ٹیکس لگانے سے اجتناب کرے ۔