نئی ہائوسنگ سکیموں کے بے ہنگم قیام کا نوٹس

نئی ہائوسنگ سکیموں کے بے ہنگم قیام  کا نوٹس

متعلقہ اداروں نے کاغذی کارروائی اور رپورٹنگ تک خود کو محدود رکھا ، رہائشی علاقوں میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا پھیلاؤ مسلسل بڑھتا رہانئی رہائشی کالونیوں اور ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے دوران بھی صنعتی اور رہائشی زونز کی واضح تقسیم کو نظر انداز کیا جاتا رہا، شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت نے رہائشی آبادیوں میں قائم غیر منصوبہ بند صنعتی یونٹس اور نئی ہاؤسنگ سکیموں کے بے ہنگم قیام کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کامرس ،انڈسٹریز اینڈ انویسٹ منٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق \\\"سٹریٹیجک فریم ورک\\\" کے تحت نئے رہائشی علاقوں میں مناسب منصوبہ بندی کے بغیر کسی بھی صنعتی یونٹ کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔صوبائی حکومت کی جانب سے اس نوعیت کے احکامات ماضی میں بھی متعدد مرتبہ جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم بیشتر اضلاع میں عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر رہے ۔ متعلقہ اداروں نے کاغذی کارروائی اور رپورٹنگ تک خود کو محدود رکھا جبکہ رہائشی علاقوں میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا پھیلاؤ مسلسل بڑھتا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ کئی رہائشی کالونیوں میں فیکٹریاں، ورکشاپس، کیمیکل یونٹس، فرنیچر سازی اور دیگر صنعتی سرگرمیاں آبادیوں کے اندر ہی جاری ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی رہائشی کالونیوں اور ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے دوران بھی صنعتی اور رہائشی زونز کی واضح تقسیم کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے ، جس کے باعث مستقبل میں شہریوں کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق رہائشی علاقوں میں صنعتوں کے قیام سے فضائی، صوتی اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ آگ لگنے ، دھماکوں اور دیگر حادثات کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں،حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں رہائشی علاقوں میں قائم صنعتی یونٹس کا سروے مکمل کریں، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔ اس کے علاوہ نئی رہائشی سکیموں کی منظوری کے مراحل میں بھی اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ صنعتی اور رہائشی سرگرمیوں کے لیے الگ الگ زونز مختص ہوں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں