بارش: ترقیاتی منصوبوں میں نقائص آڈٹ کا مطالبہ

بارش: ترقیاتی منصوبوں میں نقائص آڈٹ کا مطالبہ

سیوریج منصوبوں کے اطراف زمین دھنسنے ، سولنگ میں دراڑیں اور متعدد مقامات پر گڑھے بن جانے پر شہریوں کو مشکلات

سرگودھا (نعیم فیصل سے ) حالیہ موسلا دھار بارش کے بعد شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مختلف علاقوں میں سڑکوں، گلیوں اور سیوریج منصوبوں کے اطراف زمین دھنسنے ، سولنگ میں دراڑیں پڑنے اور متعدد مقامات پر گڑھے بن جانے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق تقریباً 14 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کے تحت شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سیوریج لائنوں کی تبدیلی، ڈرینج سسٹم کی بہتری اور دیگر شہری منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، تاہم حالیہ شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں ان منصوبوں کے مبینہ نقائص نمایاں ہو گئے ۔ متعدد شاہراہوں اور گلیوں میں زمین بیٹھ گئی، جبکہ بعض مقامات پر سڑکوں کے کنارے ٹوٹنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

شہر کے مختلف حصوں میں اچانک بننے والے گڑھوں کے باعث راہگیروں اور گاڑی چلانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ترقیاتی کام معیاری انداز میں کیے جاتے اور تعمیر کے دوران تکنیکی اصولوں پر مکمل عملدرآمد کیا جاتا تو ایک شدید بارش کے بعد اس نوعیت کا نقصان سامنے نہ آتا۔ شہری، سماجی اور کاروباری حلقوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا غیر جانبدارانہ تکنیکی آڈٹ کرایا جائے ناقص تعمیرات کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور اگر کسی ٹھیکیدار یا متعلقہ افسر کی غفلت ثابت ہو تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عوام کے ٹیکسوں سے مکمل ہونے والے اربوں روپے کے منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...