خوشاب میں 682 نجی سکولوں کی ری چیکنگ کا فیصلہ

خوشاب میں 682 نجی سکولوں کی ری چیکنگ کا فیصلہ

خوشاب میں 682 نجی سکولوں کی ری چیکنگ کا فیصلہغیر محفوظ عمارتوں اور غیر رجسٹرڈ اداروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

 خوشاب (نمائندہ دنیا )ضلع خوشاب میں نجی سکولوں کی رجسٹریشن، تجدیدِ رجسٹریشن اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن محمد عیسیٰ لالی نے پرائیویٹ سکولوں کی نئی رجسٹریشن، تجدیدِ رجسٹریشن، رجسٹریشن کی مقررہ مدت، رولز آف بزنس اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر نئی رجسٹریشن اور تجدیدِ رجسٹریشن کے لیے موصول ہونے والی فائلیں بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ ضلع خوشاب میں اس وقت 682 پرائیویٹ سکول قائم ہیں، جبکہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن کی مدت دو سال مقرر ہے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے رجسٹریشن کے لیے پیش کی گئی تمام فائلوں اور متعلقہ ریکارڈ کا رولز و پالیسی کے مطابق تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام نجی سکولوں کی دوبارہ چیکنگ یقینی بنائی جائے اور سکولوں میں عمارت کی حالت، فائر سیفٹی آلات، سکیورٹی انتظامات، طلبہ کے لیے محفوظ ماحول اور دیگر ضروری سہولیات کا جامع معائنہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ خطرناک یا غیر محفوظ قرار دی جانے والی عمارتوں میں قائم سکولوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ، جبکہ بغیر رجسٹریشن چلنے والے نجی سکولوں کے خلاف مقررہ قوانین کے تحت بھاری جرمانوں سمیت سخت کارروائی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے رجسٹریشن کے لیے پیش کی گئی فائلوں کی دوبارہ مکمل چھان بین کرنے کے بھی احکامات جاری کیے تاکہ تمام نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول یقینی بنایا جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...