پپلاں کو تجاوزات سے پاک کرینگے ، انتظامیہ کا عزم
پپلاں کو تجاوزات سے پاک کرینگے ، انتظامیہ کا عزمدکانداروں سے از خود تجاوزات ختم کر نیکی اپیل ،تاجروں نے مسائل بھی بتائے
میانوالی (نامہ نگار)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میانوالی ماجد بن احمد اور اسسٹنٹ کمشنر پپلاں محمد ظفر اقبال نے انجمن تاجران پپلاں کے عہدیداران و ممبران سے میونسپل کمیٹی پپلاں کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں شہر سے تجاوزات کے خاتمے ، صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن ‘‘ستھرا پنجاب’’ پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پپلاں محمد ظفر اقبال نے کہا کہ بازاروں اور مین شاہراہوں پر تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کردیں، بصورت دیگر انتظامیہ کی جانب سے بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ‘‘ستھرا پنجاب’’ مہم ہم سب کا مشترکہ مشن ہے ۔ انجمن تاجران صفائی کے عملے سے بھرپور تعاون کرے ، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکنے اور دکانوں کے سامنے کوڑا دان رکھنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا جاسکے ۔
انجمن تاجران پپلاں کے صدر اور دیگر عہدیداران نے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری پپلاں شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے لیے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ اس موقع پر تاجروں نے بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی، جن کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نے فوری احکامات جاری کیے ۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پپلاں کو تجاوزات سے پاک اور ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کے تحت ایک ماڈل تحصیل بنانے کے لیے انتظامیہ اور تاجر برادری مل کر مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments