کرپشن فری پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز کا خواب ،راشد اقبال
کرپشن فری پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز کا خواب ،راشد اقبال زکوٰۃ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی نامزدگی کا مرحلہ ستمبر کے آخر میں مکمل ہو گا
خوشاب(نمائندہ دُنیا) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی راشد اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن فری پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا خواب ہے جسے ہر صورت میں پورا کیا جائیگا صوبائی حکومت عوام کو مسائل کی گرداب سے نکالنے اور اُنھیں زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کا عزم رکھتی ہے اور انشاء اﷲ پنجاب کا کوئی بھی علاقہ ڈویلپمنٹ سے محروم نہیں رہے گا اُنھو ں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہ جوہرآباد کے دوران مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں زکوٰۃ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی نامزدگی کا مرحلہ ستمبر کے آخر میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد یہ کمیٹیاں پوری طرح فعال ہو جائیں گی۔ اس موقع پر اُنھوں نے پارٹی کارکنوں اور شہریوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی اُنھوں نے کہا کہ نظریاتی کارکن پاکستان مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں اُن کی ضروریات کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔قبل ازیں جب وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی راشد اقبال ضلع خوشاب کی حدود میں داخل ہوئے تو باؤنڈری لائن پر مسلم لیگی کارکنوں اور عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments