غیر قانونی پٹرول پمپس، بجلی چوری اور سمگلنگ کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کاحکم
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، تجاوزات اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت ،پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں،مدارس کی رجسٹریشن کے امور بھی زیر بحث آئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلعی رابطہ کمیٹی نے سرگودھا میں غیر قانونی پٹرول پمپس، ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت، ایل پی جی کی غیر قانونی ڈیکنٹنگ، بجلی چوری، سمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، تجاوزات اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ عوام کے تحفظ، امن و امان اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔17 نکاتی ایجنڈے کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی، غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں، ایل پی جی کی غیر قانونی ڈیکنٹنگ کی روک تھام، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی چیکنگ اور سمگل شدہ اشیا کی فروخت کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ بجلی چوری، غیر قانونی اسلحہ، منشیات، پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن اور چائلڈ پروٹیکشن سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے ۔ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، گاڑیوں پر ریفلیکٹرز کی تنصیب، اہم شاہراہوں اور ہائی ویز کی چیکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے سموگ پر قابو پانے کیلئے کریک ڈاؤن تیز کرنے ، ایئر کوالٹی کی نگرانی اور عوامی آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments