صفائی کے ناقص انتظامات پر تحصیل منیجر کی سخت سرزنش
صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید موثر بنانے بنانے کے احکامات جاری
خوشاب(نمائندہ دنیا)کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کے ہمراہ جوہرآباد،مظفرگڑھ روڈ پر واقع چک نمبر 14/53 ایم بی ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور وزیراعلی پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ذریاب ساجد اور تحصیل منیجر علی شہریار نے کمشنر سرگودھا ڈویژن کو صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مشنر حافظ شوکت علی نے موقع پر صفائی کے ناقص انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تحصیل منیجر کی سخت سرزنش کی اور ڈپٹی کمشنر خوشاب کو ماڈل ویلج چک نمبر 14 سمیت خوشاب اور جوہرآباد کے مختلف علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تحصیل آپریشن منیجر علی شہریاز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدائت کی ۔ انہوں نے خوشاب شہر کی مرکزی شاہراہوں، گلی محلوں، ماڈل ویلجز اور دیگر علاقوں میں گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اور ویسٹ کی بروقت کلیکشن اور مناسب تلفی کو یقینی بنانے ،ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید موثر بنانے اور مقررہ اہداف کا سو فیصد حصول یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ۔ کمشنر سرگودھا کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام ایک مثالی اور عوامی فلاح کا اہم منصوبہ ہے ، جس کے ثمرات عوام تک پہنچانا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments