پولٹری شیڈز کے 16، بھٹوں کے ایک کیس کی منظوری
کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت اجلاس ، قواعد و ضوابط اور ماحولیاتی تقاضوں کا جائزہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل انوائرنمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولٹری شیڈز کی تعمیر کے 20 منصوبوں کے لیے ماحولیاتی منظوریوں اور این او سیز کے اجرا کے کیسز پیش کیے گئے ، جبکہ بھٹہ خشت کا ایک کیس بھی منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔کمیٹی نے متعلقہ قواعد و ضوابط اور ماحولیاتی تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد پولٹری شیڈز کے 16 کیسز اور بھٹہ خشت کے ایک کیس سمیت مجموعی طور پر 17 کیسز کی منظوری دے دی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے ) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ای پی اے نے شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی منظوریوں کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قانونی تقاضوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی ضروری ہے ، تاہم معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ، صفائی ستھرائی اور صحت عامہ کے اصولوں کو بھی ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی منظوریوں کے لیے پیش کیے جانے والے کیسز کا بروقت اور شفاف انداز میں جائزہ لے کر مقررہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments