کرپشن کیخلاف کارروائیاں چھوٹے ملازمین تک محدود
افسران کیخلاف سامنے آنیوالی کارروائیاں نسبتاً کم، اثاثوں، اختیارات کے استعمال اور بڑے انتظامی فیصلوں کی چھان بین ہوتی نہیں دکھائی دیتی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبے کو کرپشن سے پاک کرنے اور سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی مہم کے باوجود اب تک ہونے والی کارروائیوں کا بڑا حصہ نچلے درجے کے ملازمین تک محدود دکھائی دیتا ہے ، جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے خلاف سامنے آنے والی کارروائیاں نسبتاً کم ہیں۔درجہ چہارم کے ملازمین، نائب قاصدوں، کلریکل سٹاف اور گریڈ 16 تک کے اہلکاروں کی چند ہزار روپے رشوت لینے کے الزامات میں گرفتاریاں تو سامنے آ رہی ہیں، لیکن اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز افسران کے مالی معاملات، اثاثوں، اختیارات کے استعمال اور بڑے انتظامی فیصلوں کی اسی شدت سے چھان بین ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔
کرپشن کے خلاف مہم میں چھوٹے ملازمین کی گرفتاریوں کو نمایاں کیا جا رہا ہے، تاہم سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے ان بڑے راستوں کی جانچ بھی ضروری ہے جہاں بھاری رقوم کے معاملات، سرکاری خریداری، ترقیاتی منصوبوں، ٹھیکوں، بھرتیوں، تبادلوں اور دیگر انتظامی اختیارات کے استعمال کے دوران بے ضابطگیوں کے امکانات موجود ہیں۔تین روز قبل صرف پیدائش کے اندراج کے سلسلے میں مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں ایک نائب قاصد کی گرفتاری بھی اسی تناظر میں اہمیت اختیار کر گئی ہے اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ افسران کے حوالے سے بھی احتساب کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔
گریڈ 17، 18، 19 اور 20 کے افسران کے اثاثوں اور آمدن کے ذرائع، سرکاری وسائل کے استعمال، ترقیاتی فنڈز، ٹھیکوں کی تقسیم، سرکاری خریداریوں اور انتظامی اختیارات کے ذریعے مبینہ مالی مفادات حاصل کرنے کے معاملات کی باقاعدہ جانچ ہونی چاہیے ۔سرکاری عہدہ جتنا بڑا ہو، اس کے ساتھ مالی اور انتظامی ذمہ داری بھی اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے ، اس لیے احتساب کا عمل بھی عہدے اور گریڈ کی تفریق سے بالاتر ہونا چاہیے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین اینٹی کرپشن اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں کرپشن کے خلاف جاری کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا جائے ، گریڈ 17 سے اوپر کے افسران کے مالی معاملات اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ بڑے ترقیاتی منصوبوں، سرکاری ٹھیکوں، خریداریوں اور بھرتیوں میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جائیں اور چھوٹے ملازمین کے ساتھ اعلیٰ افسران کو بھی یکساں احتساب کے دائرے میں لایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments