قرض تنازع، مبینہ سود خوری اور طلائی زیورات ہتھیانے کا الزام
قرض تنازع، مبینہ سود خوری اور طلائی زیورات ہتھیانے کا الزام اصل زیور کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی گئیں، مقدمہ درج
پھلروان (نمائندہ دنیا) پھلروان میں مبینہ طور پر بھاری سود وصول کرنے اور قرض کے عوض بطور ضمانت رکھے گئے طلائی زیورات واپس نہ کرنے پر پولیس نے محمد انعام علی کے خلاف منی لینڈنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔محمد عمران ملک سکنہ پھلروان نے تھانہ پھلروان میں درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ زرعی آلات کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا ہے ۔ تقریباً چھ ماہ قبل کاروباری ضرورت کے تحت اس نے محمد انعام علی سے 45 لاکھ روپے بطور قرض حاصل کیے ، جس کے عوض تقریباً 14 تولہ وزنی طلائی زیورات، جن میں مالا سیٹ، کڑے ، چوڑیاں، انگوٹھیاں اور بریسلٹ شامل تھے ، بطور ضمانت رکھوائے ، جبکہ پانچ لاکھ روپے مالیت کا چیک بھی دیا۔مدعی کے مطابق ملزم نے بعد ازاں مزید رقم کا مطالبہ شروع کر دیا۔ اس دوران مختلف رقوم کی ادائیگی کے بعد اس نے 30 ستمبر 2026 کو اصل قرض کی 45 لاکھ روپے کی رقم واپس کر دی، تاہم یکم اکتوبر کو دوبارہ رقم کا مطالبہ کیا گیا۔مدعی نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے بطور ضمانت رکھے گئے زیورات میں سے دو تولہ وزنی مالا سیٹ واپس کرنے سے انکار کر دیا اور اس کے بدلے تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کی چین دے دی۔ اصل زیور کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔پولیس نے مدعی کی درخواست پر ملزم محمد انعام علی کے خلاف دفعہ 3/4 منی لینڈنگ ایکٹ 2007 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments