ن لیگ عوامی فلاح و بہبود ،ملکی ترقی کیلئے کوشاں :امانت اللہ
ن لیگ عوامی فلاح و بہبود ،ملکی ترقی کیلئے کوشاں :امانت اللہ کسانوں کو سستے ٹریکٹر اور زرعی آلات کی فراہمی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے
داؤدخیل (نمائندہ دنیا)مسلم لیگ ن اس وقت ملک میں ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ حکومت نے مختلف عوامی منصوبے شروع کرکے غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ گرین بس سروس سے عام شہری مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کسانوں کو سستے ٹریکٹر اور زرعی آلات کی فراہمی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ حکومت کسانوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ اسی طرح شعبہ صحت میں بھی مریضوں کو مفت علاج اور ادویات کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن پنجاب کے نائب صدر، سابق صوبائی وزیر اور سابق ایم پی اے امانت اللہ خان شادی خیل نے ممتاز خان سرمت خیل کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے بعد معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شادی خیل گروپ کے سرگرم سیاسی رہنما ممتاز خان سرمت خیل نے سابق صوبائی وزیر اور چیئرمین ضلعی ڈویلپمنٹ کمیٹی امانت اللہ خان شادی خیل کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں علاقے کی ممتاز سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت معززین علاقہ نے شرکت کی۔تقریب میں سابق ناظم ریاض منیر خان، وائس چیئرمین رفیع اللہ خان، عارف خان، منیجر یو بی ایل، سینئر صحافی محمد طارق خان، ایڈووکیٹ قدرت اللہ خان اور ضلعی مصالحتی کمیٹی کے نائب صدر عنایت اللہ خان ننزائی سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments