حادثات میں اضافہ، 70 فیصد حادثات کا سبب ڈمپر قرار
حادثات میں اضافہ، 70 فیصد حادثات کا سبب ڈمپر قرار فنی خرابیوں کی نشاندہی ،فٹنس آڈٹ اور تکنیکی جانچ کا مطالبہ زور پکڑ گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں غیر معیاری اور تکنیکی نقائص کے حامل ڈمپروں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ۔ ڈمپر ٹرکوں کی آزادانہ تکنیکی جانچ اور فٹنس آڈٹ کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے ، جبکہ ضلعی پولیس کی اعلیٰ سطحی ٹیم اور متعلقہ شعبوں کے تکنیکی ماہرین کی جانب سے مقامی سطح پر تیار ہونے والے ڈمپر ٹرکوں میں بنیادی فنی خامیوں کی نشاندہی اور ان کی رجسٹریشن کو قواعد کے منافی قرار دینے کے باوجود اصلاحی سفارشات پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا۔سرگودھا میں ہیوی ٹریفک اور ڈمپر ٹرکوں کے باعث پیش آنے والے حادثات کی صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق مجموعی ٹریفک حادثات میں سے تقریباً 70 فیصد حادثات کا سبب ڈمپر ٹرک بن رہے ہیں۔ محکمہ ایکسائز اور دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ پولیس رپورٹ میں نشاندہی کیے گئے تکنیکی نقائص، گاڑیوں کی تیاری اور رجسٹریشن کے قانونی تقاضوں کا ازسرنو جائزہ لیں، تاہم متعلقہ محکموں کی مبینہ غفلت اور چشم پوشی کے باعث یہ گاڑیاں بدستور شاہراہوں پر رواں دواں ہیں۔ذرائع کے مطابق جب بھی کوئی اعلیٰ انتظامی افسر ڈمپروں کے خلاف کارروائی یا پابندیوں پر عملدرآمد کی کوشش کرتا ہے تو سٹون کرشنگ مارکیٹ پل 111 میں پتھر کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ہڑتال کی دھمکیوں کے ذریعے انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ، جس سے انتظامی اقدامات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے ۔
دوسری جانب پنجاب ہائی وے پٹرول نے بھی پل 111 پر ڈمپر مالکان اور ڈرائیوروں کو گاڑیوں کی فٹنس، درست ڈرائیونگ لائسنس رکھنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ محض ہدایات اور عارضی کارروائیوں سے اس مسئلے پر قابو پانا ممکن نہیں، بلکہ مستقل نگرانی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی ضروری ہے ۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کی سابقہ تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے ، محکمہ ایکسائز اور ٹرانسپورٹ حکام سے ڈمپروں کی رجسٹریشن کا مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے ، تمام ڈمپروں کی آزادانہ تکنیکی جانچ اور فٹنس آڈٹ کروایا جائے اور خلاف ضابطہ گاڑیوں کے حوالے سے قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے تاکہ پتھر کی سپلائی یا کاروباری دباؤ انسانی جانوں کے تحفظ پر حاوی نہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments