آٹا اور ایل این جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان

 آٹا اور ایل این جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان

آٹا اور ایل این جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان ایل این جی بھی 650 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، شہریوں کا حکومتی ریلیف کا مطالبہ

میانوالی (نامہ نگار) کندیاں، میانوالی، پپلاں اور ضلع بھر میں سرکاری و چکی کے آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ چند ماہ قبل حکومتی ریلیف کے نتیجے میں چکی کا آٹا 80 روپے فی کلو تک آ گیا تھا، تاہم اب اس کی قیمت 170 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایل این جی سلنڈر گیس کی قیمت بھی 650 روپے فی کلو تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے گندم کے نرخوں میں کمی کے بعد چکی آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی تھی، لیکن بعد ازاں انتظامی نگرانی کم ہونے کے باعث آٹے کے نرخ دوبارہ بڑھتے چلے گئے ۔ اس وقت پانچ کلو آٹا 850 روپے یا اس سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق دکانوں اور سرکاری اسٹالز پر حکومتی ریلیف کی قیمتوں والا آٹا یا تو دستیاب نہیں ہوتا یا اس کا معیار ناقص ہوتا ہے ، جبکہ دستیاب آٹا بھی مبینہ طور پر سفارش کی بنیاد پر فراہم کیا جا رہا ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود کوئی مؤثر شنوائی نہیں ہو رہی۔دوسری جانب ایل این جی سلنڈر گیس کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق بیرون ملک سے گیس کی محدود درآمد اور سپلائی میں تعطل کے باعث قیمت 280 روپے سے بڑھ کر 650 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔

 

 اس صورتحال میں گھریلو اور کاروباری صارفین کے لیے سلنڈر خریدنا مشکل ہو گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ لکڑی اور بجلی پہلے ہی مہنگی ہیں، ایسے میں سستے ایندھن کی عدم دستیابی نے گھریلو صارفین اور کاروباری طبقے دونوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔عوام نے حکومت پنجاب اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے ، بجلی اور ایل این جی گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ضروری اشیاء عوام کی دسترس میں لائی جائیں تاکہ غریب خاندانوں کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...