کینو کی پیداوار میں نمایاں کمی، 14 لاکھ ٹن تک پیداوار متوقع
کینو کی پیداوار میں نمایاں کمی، 14 لاکھ ٹن تک پیداوار متوقعناقص حکمت عملی اور بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے ہر سال پیداوار کم ہو رہی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) دریائے چناب اور جہلم کے درمیان واقع زرخیز زمین اس حوالے سے اہمیت کی حامل ہے کہ دنیا بھر میں پیدا ہونے والے کینو کی نسبت یہاں کا کینو نہ صرف ذائقے میں اپنی مثال آپ ہے بلکہ قوتِ مدافعت بڑھانے اور مختلف بیماریوں کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے ۔ وسیع پیمانے پر پیداوار کے باعث ان دو دریاؤں کے درمیان واقع ضلع سرگودھا کو ترشاوہ پھلوں کا کیلیفورنیا کہا جاتا ہے ، تاہم ناقص حکمت عملی اور بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے ہر سال کینو کی پیداوار میں غیر معمولی کمی واقع ہو رہی ہے ۔ملک کی مجموعی پیداوار کا 65 سے 70 فیصد کینو سرگودھا میں پیدا ہوتا ہے ۔ یہ کینو نہ صرف افغانستان، روس کی مختلف ریاستوں، کوریا، انڈونیشیا، دبئی اور ملائیشیا بھجوایا جاتا ہے بلکہ چند یورپی منڈیوں میں بھی اس کی مانگ ہے ۔
ایکسپورٹ کے لیے ضلع میں 250 سے زائد فیکٹریاں قائم ہیں۔ویسے تو تجرباتی طور پر یہاں مسمی، فلوٹر، ریڈ بلڈ، مالٹا سمیت 60 سے زائد اقسام کے ترشاوہ پھلوں کی محدود کاشت کی جاتی ہے ، تاہم کمرشل بنیادوں پر صرف کینو ہی کاشت کیا جاتا ہے ۔ رواں سال بھی دو لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلے باغات سے مجموعی طور پر 13 سے 14 لاکھ ٹن کینو کی پیداوار متوقع ہے ۔ باعثِ تشویش امر یہ ہے کہ گزشتہ سال یہ پیداوار لگ بھگ 30 لاکھ ٹن تھی، جس میں کمی کی وجوہات موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کی شدت کے ساتھ ساتھ باغات کی دیکھ بھال کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور ٹیکنالوجی کا فقدان ہیں۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ڈیزل، بجلی، کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مارکیٹ میں جعلی زرعی ادویات کی بہتات کے باعث انہیں بے پناہ مسائل کا سامنا ہے ۔
بالخصوص ایکسپورٹ کوالٹی کینو کی پیداوار ممکن نہیں ہو رہی۔ ہر سال بیماریوں اور وائرس کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ باغات خراب ہو جاتے ہیں۔ مسائل، بیماریوں اور سہولیات کے فقدان کے باعث کینو کی بھاری مقدار ایکسپورٹ کے قابل نہیں ہوتی اور بمشکل 10 سے 12 فیصد کینو ہی برآمد کیا جا رہا ہے ، جبکہ باقی پیداوار مقامی منڈیوں میں بھیج دی جاتی ہے ۔ اخراجات پورے نہ ہونے کے باعث کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں ترشاوہ پھلوں کی 70 سے زائد اقسام کی کمرشل پیداوار ہو رہی ہے ، مگر یہاں صرف کینو، مسمی اور فلوٹر ہی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ دیگر ممالک میں مخصوص رقبے پر اوسط پیداوار 25 ٹن ہے ، مگر ہمارے ہاں یہ صرف 8 ٹن ہے ، جبکہ اخراجات زیادہ ہو رہے ہیں، کیونکہ دیگر ممالک میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments