ستھرا پنجاب میں گھپلے، رقم دیگر مدمیں خرچ کرنے پر پابندی

ستھرا پنجاب میں گھپلے، رقم دیگر مدمیں خرچ کرنے پر پابندی

مختص فنڈز افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ٹھیکیداروں کے اکاؤنٹس میں منتقل کرکے تاخیر سے جاری کیے جاتے رہے ، رقم دیگر امور پر خرچ ہونے کی اطلاعات خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ،متعلقہ مقامی حکومتیں یہ رقم بلا تاخیر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو منتقل کرنے کی پابند ہوں گی، محکمہ خزانہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ستھرا پنجاب کے فنڈز میں مبینہ خوردبرد اور غیر قانونی استعمال روکنے کے لیے حکومت پنجاب کا سخت حکم، رقم دیگر مد میں خرچ کرنے اور منتقلی میں تاخیر پر پابندی، خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیدیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت کے علم میں آیا ہے کہ بعض اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے لیے مختص فنڈز متعلقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ٹھیکیداروں کے اکاؤنٹس میں منتقل کرکے تاخیر سے جاری کیے جاتے رہے ، جبکہ یہ رقم دیگر امور پر خرچ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ اس پر محکمہ خزانہ پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کے چیف آفیسرز کو سخت گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مختص فنڈز صرف حکومت کی ملکیتی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو پائیدار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کے لیے فراہم کیے جائیں گے ۔ متعلقہ مقامی حکومتیں یہ رقم بلا تاخیر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو منتقل کرنے کی پابند ہوں گی، اسے کسی دوسرے مقصد یا مد میں خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور فنڈز کی منتقلی میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ ہدایات میں فنڈز کے شفاف استعمال، مکمل ریکارڈ اور صوبائی مجاز اتھارٹی کو معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ رقم روکنے ، غیر ضروری تاخیر کرنے یا مقررہ مقصد کے برعکس استعمال کرنے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...