معمولی تلخ کلامی پر لڑکا، دیرینہ دشمنی پر ایک شخص قتل
خیابان میںکھیل کے دوران تلخی پر نور علی نے چاقو سے وار کر کے سجاد کو مار ڈالا صدر واہ میں غم محمد اور نور محمد نے فائرنگ کر کے عید محمد کو قتل کر دیا، مقدمات درج
راولپنڈی (خبرنگار) معمولی تلخ کلامی پر تیرہ سالہ لڑکے اور دیرینہ دشمنی پر ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔ لڑکے کو چاقو ما ر کر تھانہ پیرودہائی کی حدود خیابان کی اعوان مارکیٹ میں قتل کیا گیا۔ پولیس کو میر وائس شریفی نے بتایا کہ میرا بیٹا علی سجاد بچوں کے ہمراہ کھیل رہا تھا کہ نور علی اور میرے بیٹے کی آپس میں لڑائی ہو گئی جس پر نور علی نے چاقو سے میرے بیٹے پر وار کیا جس سے وہ زخمی ہو گیا اور ہولی فیملی ہسپتال میں چل بسا، ادھر تھانہ صدر واہ پولیس کو خالد زمان نے بتایا کہ وہ اپنے بڑے بھائی عید محمد کے ساتھ پیدل جا رہا تھا کہ سامنے سے غم محمد اور نور محمد آگئے اور انھوں نے فائرنگ کر دی، ایک گولی بھائی کے سر پر لگی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا جب کہ میں خوش قسمتی سے بچ گیا۔ وجہ عناد خاندانی دشمنی ہے۔ پولیس نے مقدمات درج کر لیے۔