منشیات فروشی میں سہولت کاری‘ 16پولیس افسر‘اہلکاربرخاست
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)منشیات فروشی اور منشیات فروشوں سے تعلقات یا سہولت کاری میں ملوث16پولیس افسران و اہلکار محکمہ سے برخاست کر دیے گئے جبکہ کرپشن، بد عنوانی اور کریمنل مقدمات میں ملوث 13پولیس افسران و ملازمان ڈسمس فرام سروس۔
محکمانہ انکوائری اور شواہد کی بنیاد پر افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹرسردارغیاث گل خان نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں ،جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن اور محکمہ میں خود احتسابی کا عمل جاری ہے ۔ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشو ں کی سہولت کار ی میں ملوث کسی بھی رینک کا افسریا ملازم کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منشیات فروشی ،منشیات فروشوں سہولت کاری،کرپشن، بد عنوانی اور کریمنل مقدمات میں ملوث 29پولیس افسران و اہلکا روں کومحکمہ سے ڈسمس کے آرڈر کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر یا ان کے سہولت کاروں سے کسی بھی قسم کا تعلق یا معاونت رکھنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ محکمانہ انکوائری اور شواہد کی روشنی میں افسران و اہلکاروں کو محکمہ پولیس سے برخاست کیا گیا ہے ۔