عارفوالا:بس، وین میں تصادم 6افراد جاں بحق

عارفوالا:بس، وین میں تصادم 6افراد جاں بحق

عارفوالا، پاکپتن(تحصیل رپورٹر، سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا)پاکپتن کی تحصیل عارفوالا میں بوریوالا روڈ محمد نگر کے قریب تیز رفتاری کے باعث بس اور وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق، 11 زخمی ہو گئے ۔

حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ، کئی مسافر ملبے تلے دب گئے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیوکی ٹیمیں فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو وین اور بس کو کاٹ کر باہر نکالا۔حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں میں ولیم مسیح، نبرس مسیح ولد شیرا مسیح، سعید ولد عالمگیر، زین تنویر ولد تنویر حسین  اور ڈرائیور محمد عاشق ولد عبدالغفور،جبکہ زخمیوں میں 26 سالہ وسیم ولد رفیق،27 سالہ آمنہ زوجہ محمد اعظم، 30سالہ سلمیٰ زوجہ تنویر،33 سالہ مکرم ولد اسلم، 34سالہ تنویر ولد جمیل، عامر عباس،35سالہ عامر ولد صدیق،40سالہ عثمان ولد اکرم اور43 سالہ مبشر ولد اقبال وغیرہ شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ وین عارفوالا سے بوریوالا جبکہ بس لڈن سے لاہور براستہ عارفوالا جارہی تھی۔اطلاع ملتے ہی ڈی پی او پاکپتن جاوید اقبال چدھڑ اور ڈی ایس پی ملک محمد اکبر موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں