گھوٹکی:کچے کی جاگیرانی،لولائی برادریوں میں تصادم، 5ہلاک
مال کے تنازع پرشروع ہونیوالے جھگڑے میں شدت، 3 افراد زخمی بھی ہوئے
گھوٹکی ،کراچی(نمائندہ دنیا، اسٹاف رپورٹر)کچے کے علاقے کی جاگیرانی اور لولائی برادریوں کے درمیان مال کے تنازع پر شروع ہونے والا جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جاگیرانی اور لولائی برادریوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہدایت اللہ اور نورل جاگیرانی موقع پر جاں بحق ہوگئے ، جبکہ راحب لولائی، مہر لولائی سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی، جس پر مختلف تھانوں کی پولیس ایس ایس پی انور کھیتران کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے فائرنگ رکوانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرون کے ذریعے کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق ڈرون کارروائی کے دوران حوت جاگیرانی بھی ہلاک ہو گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ فریقین کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔
واقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے دکھ کا اظہار اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کی ہے ۔ انہوں نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے ، آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد ہلاک ہوئے اور واقعہ دیرینہ دشمنی کے باعث پیش آیا، انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ، ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
\