لڑکیاں بیرون ملک سمگل کرنے والے گروہ کا رکن گرفتار
ملزم اورنگزیب کو ایف آئی اے کی ٹیم نے تاندلیانوالہ سے پکڑا متاثرہ لڑکیوں کے پاسپورٹس، موبائل فون، لیپ ٹاپ، ویزے بر آ مد
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے نوکری کا جھانسہ دیکر لڑکیوں کو بیرون ممالک سمگل کر نے والے گروہ کے متحرک رکن کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے نے پاکستانی لڑکیوں کو بیرون ملک سمگل ہونے سے بچا لیا ۔ گروہ لڑکیوں کو بیرون ملک لے جا کر غیر اخلاقی سر گر میاں کروانے میں ملوث تھا ۔ ایف آئی اے ٹیم نے ایس ایچ او اجمل حسین کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم اورنگزیب ولد رانجھا کو تاندلیانوالہ سے گرفتار کیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم انسانی سمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک کا سرگرم رکن ہے۔ جو اپنے ساتھیوں بابر گجر، عرفان گجر اور تنویر احمد کشور کے ساتھ مل کر پاکستانی لڑکیوں کو بیرون ملک منتقل کرتا تھا۔ ملزم لڑکیوں کو پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دے کر دبئی بھجواتے ، جہاں پہنچنے پر ان کے سفری دستاویزات ضبط کر لئے جاتے تھے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے متاثرہ لڑکیوں کے پاسپورٹس، موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ویزے اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ ملز موں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔