زیادہ نمک کا استعمال دل کی ناکامی کا سبب بن سکتا :تحقیق
لاہور(نیٹ نیوز)ماہرین صحت کے مطابق نمک (سوڈیم) کا زیادہ استعمال جہاں ہائی بلڈ پریشر کا باعث بنتا ہے ، وہیں ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ دل کی ناکامی کے خطرے کو بھی بڑھا سکتا ہے ۔
وینڈربلٹ یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ سوڈیم کا استعمال خاص طور پر حساس افراد میں دل کی ناکامی کا براہِ راست سبب بن سکتا ہے ۔ تحقیق میں امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 25 ہزار 300 سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء اوسطاً تجویز کردہ مقدار سے تقریباً 2 گنا زیادہ نمک استعمال کر رہے تھے ، جس کے باعث دل کی نئی بیماری کے خطرے میں 15 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نمک کے استعمال میں معمولی کمی بھی دل کی بیماریوں کے خطرات کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے ۔