وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قبائلی اضلاع کیلئے ایک ہزار ارب کے پیکیج کا اعلان

وزیراعلیٰ  خیبرپختونخوا  کا  قبائلی  اضلاع  کیلئے  ایک  ہزار  ارب  کے  پیکیج  کا  اعلان

آپریشن مسئلے کا حل نہ ایسی کسی صورتحال کے متحمل ہو سکتے :سہیل آفریدی ،جلسہ سے خطاب،قبائلی مشران کیساتھ گفتگو صوبہ بھر میں پٹرول سبسڈی کیلئے احساس فیول سپورٹ سکیم آج سے شروع،رجسٹرڈ صارفین کو 2000 روپے ماہانہ دیا جائیگا

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضم قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے ایک ہزار ارب روپے کا قبائلی پیکیج لایا جا رہا ہے ،سب اس بات پر متفق ہیں کہ آپریشن مسئلے کا حل نہیں، جنگ نے ہمارے انفراسٹرکچر، اداروں اور نوجوانوں کو نقصان پہنچایا، ہم ایسی مزید کسی صورتحال کے متحمل نہیں ہو سکتے ، خطے میں امن کیلئے قبائلی مشران کی جدوجہد قابل تحسین ہے ، امن سب سے پہلے اور انتہائی ضروری ہے ، اس کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع باجوڑ میں قومی امن جرگہ کے قائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو اور جلسہ سے خطاب میں کیا۔دوسری طرف پختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی سے بچانے کی کوشش کے پیش نظر آج سے پٹرول سبسڈی کیلئے احساس فیول سپورٹ سکیم کا آغاز کر دیا ہے ، رجسٹرڈ صارفین کو 2000 روپے ماہانہ دیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی نے جلسے سے خطاب میں خطے میں امن کے قیام کیلئے قبائلی مشران کی جدوجہد کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، حکومت دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔

امن اور خوشحالی کے لیے سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور اس جدوجہد کو جاری رکھنا ہوگا،ضم اضلاع کی ترقی کیلئے قبائلی پیکیج سے علاقے میں صحت و تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ ملے گا ،قبائلی مشران نے جس دانش مندی سے حالات کو سنبھالا وہ قابلِ قدر ہے ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ امن اور خوشحالی کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں، جدوجہد جاری رکھیں گے ، بدامنی کے جن حالات سے ہم گزرے ہیں، کوشش ہے دوبارہ ان سے نہ گزرنا پڑے ، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں تو کوئی مسئلہ نہ رہے ، امن بھی قائم ہو جائے گا ۔دوسری طرف پختونخوا حکومت کی احساس فیول سپورٹ سکیم کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل، سکوٹر اور رکشا مالکان کو فی کس 2000 روپے ماہانہ فیول سپورٹ دی جائے گی۔ درخواست دہندگان کی رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع ہو گا، غیر رجسٹرڈ یا دوسرے کے نام پر گاڑی والے اہل نہیں ہو نگے ۔معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ مستحق افراد "دستک ایپ"کے ذریعے رجسٹریشن کے ذریعے صوبائی حکومت کے اس اقدام سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں