مہنگائی، جغرافیائی خطرات:پاکستان دنیا کی تیسری بدترین مارکیٹ قرار

 مہنگائی، جغرافیائی خطرات:پاکستان دنیا کی تیسری بدترین مارکیٹ قرار

پاکستانی ایکویٹی مارکیٹ بیرونی جھٹکوں ،غیر یقینی صورتحال پرشدید دبا ؤکا شکار :رپورٹ

   کراچی(این این آئی)پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں شدید مندی کا سامنا کیا جس کی بڑی وجہ مسلسل 3 سال کی مضبوط تیزی کے بعد منافع کے حصول کی سرگرمیاں اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال رہی۔ اس دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 15فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ٹاپ لائن سکیورٹیز لمیٹڈ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس مندی سے پاکستان سٹاک ایکسچینج عالمی سطح پر کمزور کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شامل رہی، جہاں بھارت اور انڈونیشیا کی مارکیٹس بھی دبائو کا شکار رہیں۔ رپورٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس نے مالی سال2026 کی تیسری سہ ماہی (3QFY26) کے دوران ڈالر کے حساب سے منفی 14.6 فیصد منافع دیا جس سے پاکستان دنیا کی 3 کمزور ترین کارکردگی والی مارکیٹس میں شامل ہو گیا۔اعداد و شمار کے مطابق دیگر علاقائی مارکیٹس بھی دبا کا شکار رہیں، جہاں بھارت اور انڈونیشیا بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے جنہوں نے ڈالر کے لحاظ سے منفی 19.4 فیصد اور 19 فیصد منافع ریکارڈ کیا۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کے مطابق پاکستان کی کمزور کارکردگی کی بڑی وجہ بیرونی جغرافیائی خطرات ہیں، خصوصاً ایران، اسرائیل اور امریکا میں بڑھتی کشیدگی نے خطے کی مارکیٹس کو متاثر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں