آج معاہدہ ورنہ کل ایران میں تباہی:ٹرمپ:امریکی صدر نے دھمکیوں کیساتھ گالی بھی دیدی،خطے کو امریکا کیلئے دوزخ بنا دینگے:ایرانی فوج

آج معاہدہ ورنہ کل ایران میں تباہی:ٹرمپ:امریکی صدر نے دھمکیوں کیساتھ گالی  بھی دیدی،خطے کو امریکا کیلئے دوزخ بنا دینگے:ایرانی  فوج

مذاکرات کررہے ہیں ، آبنائے ہرمزنہ کھولی گئی تو کم کیا پورا ایران تباہ کیاجاسکتاہے ، منگل کو پل اور پاور پلانٹس تباہ ہوتے دیکھیں گے ،ایرانی تیل پر قبضے کا سوچ رہاہوں :امریکی صدر ایران میں پرتشدداحتجاج کیلئے کردوں کے ذریعے اسلحہ بھیجا ، جوشاید انہوں نے خود رکھ لیا:ٹرمپ کا اعتراف،عوام خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری طاقت کیساتھ تیار :ایرانی وزارت خارجہ

واشنگٹن ،تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ایران سے مذاکرات کررہے ہیں اور امید ہے آج معاہدہ ہوجائے گا ،اگر انہوں نے جلد معاہد ہ نہ کیاتو میں سب کچھ تباہ کرنے اور تیل پرقبضہ کرنے پر غور کررہاہوں ۔امریکی صدر دھمکیوں کے ساتھ گالی دینے پر اتر آئے ۔ ایران نے جواب میں کہاکہ ٹرمپ نے جو زبان استعمال کی وہ ایرانیوں کی توہین ہے ،پورے خطے کو امریکا اور اسرائیل کیلئے دوزخ بنادینگے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران کیساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے قوی امکانات موجود ہیں ، آبنائے ہرمز کو کھولنے یا شدید بمباری کے خطرے کے تناظر میں مذاکرات جاری ہیں، اگر ایران فوری طور پر معاہدہ نہیں کرتا تو میں سب کچھ تباہ کرنے اور تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے وہ لوگ جو ان سے رابطے میں ہیں اور ڈیل چاہتے ہیں انہیں نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ قبل ازیں ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں سخت بیان جاری کیااور نازیباالفاظ استعمال کرتے ہوئے لکھاکہ آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ تم جہنم جیسی صورتحال میں زندگی گزارو گے ،منگل ایران کیلئے پاور پلانٹ ڈے اور بریج ڈے ہوگا، اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو تم جہنم میں دھکیل دئیے جاؤ گے ،یہ پاگل لوگ جہنم میں رہیں گے ، آپ ایران میں پل اور پاور پلانٹس تباہ ہوتے دیکھیں گے ،بس دیکھتے جاؤ۔ رات گئے ایک بارامریکی صدر نے دھمکی دی کہ مشرق وسطیٰ تنازع ہفتوں میں نہیں دنوں میں ختم ہونا چاہئے ، اگر معاہدہ نہ ہوا تو بہت کم چھوڑ کر پورے ایران کو تباہ کیا جاسکتا ہے ۔

اے بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ امریکا کی زمینی فوج کا جانا ضروری نہیں لیکن یہ خارج از امکان بھی نہیں ہے ، آج معاہدہ ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی ہوسکتا۔امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ امریکا نے رواں برس ایران میں احتجاج کو ہوا دینے اور پْر تشدد بنانے کیلئے حکومت مخالف ایرانی مظاہرین کیلئے کردوں کے ذریعے اسلحہ بھیجا تھا، میرا خیال ہے کہ وہ گنیں کردوں نے خود رکھ لیں۔انہوں نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں منگل کوحملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس کا وقت منگل رات 8 بجے ایسٹرن ٹائم ہے ۔ایران میں رات 3:30 بجے کا وقت ہوگا جبکہ پاکستانی وقت بدھ کی صبح 5 بجے ہوگا۔گزشتہ روز برطانوی وقت کے مطابق پونے 4بجے امریکی فضائیہ کے تین بی1 بی لانسر بھاری بمبار طیارے گلوسٹرشائر میں واقع برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئرفورڈ سے پرواز کر گئے ، جن کے بارے میں قوی امکان ہے کہ وہ ایران کی جانب جا رہے ہیں،یہ طیارے متعدد بنکر بسٹر ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ایران کے خلاف گالیوں کا بھی استعمال کیا۔ان کی گالیوں بھری پوسٹ پر عالمی مبصرین حیران پریشان رہ گئے ۔ سی این این کے اینکر نے کہا کہ بجلی کے پلانٹ اور انفرا سٹرکچر پر حملے جنگی جرم سمجھے جاتے ہیں۔نیویارک ٹائمز کے رپورٹر زولان نے کہا کہ صدر ٹرمپ متضاد بیانات دے رہے ہیں۔

عالمی امور کے ماہر بریٹ مک گارک نے کہا کہ ایسی زبان استعمال کرنے سے ٹرمپ کو ڈیل نہیں ملے گی۔سکائی نیوز پر مبصر ٹیرا کنگارلو نے کہا کہ ایسے بیانات سے ٹرمپ کی فرسٹریشن ظاہر ہوتی ہے ، ٹرمپ کے اقدامات نے ایران کو اور بھی شیر کر دیا ہے ، ایرانی قیادت کیلئے موت عظمت کا نشان بن چکی ہے جبکہ ٹرمپ ہر چیز کو ڈیل کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ٹریڈ یونین رہنما ہوورڈ بیکٹ نے کہا کہ ٹرمپ کو اسی آبنائے کا غم ہے جو کچھ دن پہلے ٹرمپ کے خیال میں امریکا کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتی تھی، ٹرمپ کی دھمکی جنگی جرم ہے ، امریکا میں رجیم چینج کرکے ٹرمپ کو ہیگ کی عالمی عدالت میں لایا جانا چاہئے ۔پاکستان میں ایرانی سفارتخانے نے امریکی صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کردیا۔ ایرانی سفارتخانے نے کہا کہ غیرمتوازن روئیے کی وجہ سے ٹرمپ اس اعلیٰ عہدے کی ذمہ داریاں نبھانے کے اہل نہیں ہیں،نااہلی کی بنیاد پر مواخذے کے ذریعے ٹرمپ کو عہدے سے ہٹایا جائے ۔امریکی کانگریس اور کابینہ 25ویں آئینی ترمیم نافذ نہ کر کے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے ٹرمپ کو کہا کہ آپ کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات امریکا کو ایک زندہ جہنم میں دھکیل رہے ہیں اور اس سے پورا خطہ جل جائے گا کیونکہ آپ نیتن یاہو کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کا واحد حقیقی حل ایرانی عوام کے حقوق کا احترام اور اس خطرناک کھیل کا خاتمہ ہے ۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایرانی عوام اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری طاقت کے ساتھ تیار ہیں۔ ایرانی عدلیہ کی خبر ایجنسی میزان پر ایران کے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ ایران کی استقامت اور مزاحمت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پاگل پن کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں جو گھٹیا زبان استعمال کی وہ ایرانیوں کی توہین ہے ۔کمانڈر پاسداران انقلاب میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ایران کے بنیادی ڈھانچے پرحملہ ہوا توعبرت کانشان دیں گے ،جارحیت کی صورت میں امریکا اور اسرائیل کیلئے جہنم کے دروازے کھول دئیے جائیں گے ۔ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر ز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے واضح کیا کہ کسی بھی مزید جارحیت کا جواب صرف محدود نہیں ہوگا بلکہ پورے خطے میں شدید ردعمل کی صورت میں سامنے آئے گا۔ ایران کو شکست دینے کا خواب دیکھنے والے اب خود مشکلات میں گھر چکے ہیں اور صورتحال ان کے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے ۔ ایران اپنے دفاع کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو پورا خطہ ان کیلئے دوزخ میں تبدیل کردیاجائے گا، ایران کو شکست دینے کا وہم ایک دلدل میں تبدیل ہو جائے گا جس میں یہ دھنس جائیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں