ام رباب کیساتھ ہیں،وڈیروں،جاگیرداروں کو لگام دینے کا وقت آگیا:حافظ نعیم
فیصلے سے انصاف کو شکست،وڈیرہ شاہی کو تقویت ملی،سندھ کی مظلوم بیٹی کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار صوبائی حکومت وڈیروں کے نزدیک قانون کی کوئی حیثیت نہیں،ملاقات کے بعد گفتگو، راجہ ہاؤس میں پیر صاحب پگارا سے بھی ملے
کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں ام رباب چانڈیو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ہر سطح پر ام رباب کے ساتھ کھڑی ہے ،جاگیردارانہ اور وڈیرہ شاہی نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، حالیہ عدالتی فیصلے سے انصاف کو شکست ہوئی جبکہ وڈیرہ شاہی کو تقویت ملی ہے ، تمام شواہد اور ثبوتوں کے باوجود مجرموں کا باعزت بری کیا جانا سوالیہ نشان ہے ۔ وڈیروں کے نزدیک قانون کی کوئی حیثیت نہیں۔ام رباب کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں،اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی مکمل ذمہ داری صوبائی حکومت کے سرپرستوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا اب وقت آ چکا ہے کہ سندھ میں وڈیروں اور جاگیرداروں کو لگام دی جائے ، پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے جس کے باعث صوبے میں جاگیردار اور وڈیرے بے خوف ہو کر دندناتے پھر رہے ہیں ۔ اس موقع پر ام رباب چانڈیو نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا میرا اور جماعت اسلامی کا کاز ایک ہی ہے اور وہ سند ھ میں وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا 8 سال قبل میرے والد، دادا اور چچا کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ، قتل کرنے والے سندھ کے وڈیرے اور پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں ۔ دوسری جانب مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا پیر سید صبغت اللہ شاہ سے حافظ نعیم الرحمن نے راجہ ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور دونوں جماعتیں سندھ کے عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے مل جل کر کام کریں گی۔